News Insight

[News%20Insight]grids]

Health

[Health][bsummary]

News

[Urdu%20News]][bleft]

Health

[Health][twocolumns]

مقبوضہ کشمیر میں ریفرنڈم کرادیں پتہ چل جائیگا لوگ کدھر کھڑے ہیں؟ وزیراعظم عمران خان کا مودی کو چیلنج،قوم کے نام ویڈیو پیغام


 اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر کو چیلنج کر تے ہوئے کہا ہے کہ آپ مقبوضہ کشمیر میں ریفرنڈم کرادیں پتہ چل جائیگا لوگ کدھر کھڑے ہیں، ہتھیار اٹھانے کی بات کر نے والے کشمیریوں اور پاکستان سے دشمنی کررہے ہیں،کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت پلوامہ جیسے کسی واقعے کا انتظار کررہا ہے،کشمیریوں کی تحریک سیاسی ہے، اب کوئی بھی نہیں روک سکتا،پوری دنیا میں کشمیر کا سفیر ہوں، ترجمان اوروکیل بنوں گا،جب تک کشمیریوں کو حق نہیں ملے گا، جدوجہد کرتا رہوں گا،پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا،پاکستان اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری ر کھے گا۔ اتوار کو یہاں پاکستان ٹیلیویژن اور ریڈیو پاکستان پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 27اکتوبر وہ سیاہ دن ہے جب ہندوستان کی فوجیں کشمیر میں اتریں تھیں اور اس وقت کے ان کے وزیراعظم اقوام متحدہ میں گئے جس کے بعد سکیورٹی کونسل نے ایک فیصلہ سنایا کہ کشمیر کے لوگوں کو حق دیا جائیگا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں یا پاکستان کے پاس جائینگے اور وہ حق کبھی نہیں ملا۔ 
وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ حق کیا ملنا تھا، کشمیریوں سے دھوکہ کیا گیا، جھوٹے وعد کئے گئے،دھاندلی شدہ انتخابات کے ذریعے کنٹرولڈ کیا گیا،تیس سال قبل الیکشن ہوا تو کشمیر کے لوگ سڑکوں آئے اور ان کا قتل عام کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آزاد ی کی تحریک میں تقریباً ایک لاکھ کشمیری شہید ہوئے، بجائے دنیا یا ہندوستان کے لوگ اور سیاسی جماعتیں نوٹس لیتیں مگرمودی نے دوسری بار الیکشن جیت کر پانچ اگست کو کرفیو لگا کر سارے ان کے بنیادی اور انسانی حقوق ختم کر دیئے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کرفیو کے بعد آج تک ہمیں یہ نہیں پتا کہ اصل حالات کیا ہیں؟ تھوڑی بہت خبریں نکلتیں ہیں،لوگوں کو پتہ نہیں ان پر کیا گزر رہی ہے؟۔انہوں نے کہاکہ مودی کہہ رہا ہے کہ یہ سب کچھ لوگوں کی خوشحالی کیلئے کررہا ہوں، اب کشمیر میں لوکل گور نمنٹ الیکشن میں ساری سیاسی جماعتوں نے بائیکاٹ کیا ہے،یہ کنٹرولڈ تھے اور پھر بھی بی جے پی پوری طرح پٹ گئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ نریندر مودی نے خوشحالی کا پیکج کیا دیا ہے وہاں تو کشمیریوں کو جانوروں کی طرح بند کر دیا ہے۔ 
وزیر اعظم عمران خان نے نریندر مودی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ آپ وہاں پر ریفرنڈم کرادیں پتہ چل جائیگا لوگ کدھر کھڑے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ میرا اصل مقصد کشمیروں کو پیغام دینا ہے کہ سارا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے، ہمارے سار ے صوبے، تمام اقلیتیں ہندو اور سکھ برادری سمیت ہم سب آپ کے ساتھ ہیں، ہمارے بچے، جوان، بزرگ اور خواتین سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ میں نے خود مغربی لیڈر ان جن میں امریکی صدر ٹرمپ،فرانس کے صدر اور جرمن چانسلر سمیت جن جن سے ملاہوں ان سب کو بتایا ہے کہ کشمیریوں پر کس طرح کا ظلم ہوا ہے؟ اور ہورہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ میں میں نے جو تقریر کی ہے اس سے سب سمجھ بیٹھے ہیں کشمیرمیں کیا صورتحال ہے، وزیر اعظم نے کہاکہ ہم ہر فورم پر کشمیریوں کا مسئلہ اٹھائینگے۔انہوں نے کہاکہ قوم کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں اکبر یہ بیان سنتا ہوں کہ ”ہمیں جہاد کر نا چاہیے،ہماری پاک فوج چلی جائے یا ہمیں ہتھیار اٹھا لینے چاہئیں“ جو یہ بات کررہے ہیں وہ کشمیریوں اور پاکستان سے دشمنی کررہے ہیں،یہی ہندوستان چاہتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت نے نولاکھ فوج کشمیر میں رکھی ہوئی ہے وہ دہشگردی کیخلاف نہیں بلکہ لوگوں پر دہشت پھیلانے کیلئے رکھی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کشمیریوں پر فوج کے ذریعے دباؤ ڈالنا چاہتا ہے تاکہ یہ آزادی تحریک سے پیچھے ہٹ جائیں اور اقوام متحدہ نے جو حق دیا ہے وہ اسے بھول جائیں۔
انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے جنگ کی تو بھارت کشمیریوں کو کچل دے گا، وہ پلوامہ جیسے کسی واقعے کا انتظار کررہا ہے تاکہ دنیا کی توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹاکر پاکستان پر لگادے۔وزیر اعظم نے پلوامہ حملے کا ذکرتے ہوئے کہاکہ اس وقت بھی بھارت نے پاکستان پر الزام عائد کر دیا تھا اور مودی حکومت اب بھی یہی چاہتی ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش آئے اور دنیا کی توجہ کشمیر سے ہٹ جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نے کوئی نہ کوئی بہانہ استعمال کر کے کشمیر کے لوگوں پر ظلم کر نا ہے، یہ پولیٹیکل تحریک ہے،ہم نے اخلاقی طورپر مدد کرنی ہے اور ہم اخلاقی، سفارتی اور سیاسی مدد جاریرکھیں گے یہ ایک ایسی تحریک ہے جسے کوئی نہیں روک سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں کشمیر کا سفیر ہوں،آپ کا ترجمان بھی بنوں گا وکیل بھی بنوں گا آپ کے ساتھ کھڑا رہونگا اور انشاء اللہ جو آپ کا حق ہے جو کونسل نے حق دیا تھا کہ ”آپ اپنی زندگی کا فیصلہ کریں آپ کیا مستقبل چاہتے ہیں“جب تک وہ حق نہیں ملے گا آپ کیلئے دنیا میں جا کمر جدو جہد کر تا رہوں گا سارا پاکستان آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

No comments: